پی ایچ اے کی عدم توجہ،گرین بیلٹس پر لگے پودے مرجھا گئے،لاکھوں کا نقصان

پی ایچ اے کی عدم توجہ،گرین بیلٹس  پر  لگے  پودے  مرجھا گئے،لاکھوں  کا  نقصان

ملتان(خبرنگارخصوصی)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی عدم توجہ کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں گرین بیلٹس اجڑ گئیں، چوکوں میں لگائے گئے مہنگے پودے پانی نہ ملنے کے باعث مرجھانے لگے جبکہ پلانٹرز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

 پی ایچ اے کی جانب سے ہر ماہ پانی دینے والے ٹینکر کے فیول کی مد میں لاکھوں روپے بل بنا دیا جاتا ہے جبکہ پانی دینے والے یہ ٹینکر شہر کی بیشتر گرین بیلٹس اور چوکوں میں لگائے گئے پودوں کو پانی ہی نہیں دے رہے ۔ ڈیرہ اڈہ چوک کی باؤنڈری وال کا اندرونی حصہ چٹیل میدان میں تبدیل ہو چکا ہے ، عرصہ دراز سے پانی نہ ملنے کے سبب چوک ڈیرہ اڈہ اور اس کے اطراف میں لگائے گئے پودے صرف بارش کے موسم میں سیراب ہوتے ہیں جبکہ پی ایچ اے کی جانب سے پودوں کو کئی کئی ماہ پانی نہ دینے کی روایت جنم لے چکی ہے ۔ اسی طرح شہر کے دیگر بیشتر چوکوں اور گرین بیلٹس کا بھی یہی حال ہے ۔ کروڑوں روپے سے گرین بیلٹ پر لگے ہوئے پودے ، سبزہ اجڑ چکا ہے جبکہ پلانٹز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ جس سے شہر کی خوبصورتی ماند پڑ گئی ہے ۔ پی ایچ اے کی غفلت کے باعث کئی پارک اجڑ چکے ہیں۔ گھاس، پودے غائب، گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ شہر کے تقریبا تمام پارکوں میں صفائی کا انتہائی ناقص انتظام ہے ، ہرطرف گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، پلاٹ کو فلتھ ڈپو میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ پارکوں میں گھاس سوکھ چکی ہے ، عدم توجہ اور پانی نہ دئیے جانے کے باعث ایک محتاط اندازے کے مطابق شہر بھر میں ہزاروں پودے بھی مر چکے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں