واجبات وصولی کیلئے بلا امتیاز آپریشن ضروری،جواد منصور
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف انجینئر کسٹمرسروسز میپکو سید جواد منصور شاہ نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کی سرکوبی اور نادہندگان سے واجبات وصول کرنے کے لئے میپکو ٹیمیں فیلڈ میں بلاامتیاز آپریشن کریں۔
خزانے کو نقصان پہنچانے اور واجبات کی عدم ادائیگی کرنے والے ڈیفالٹرز کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے ۔ میٹر ریڈنگ سٹاف اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے اور بیچز کی ریڈنگ کے وقت بجلی چوری کی نشاندہی کرے ۔ وہ میپکو بہاولپور سرکل میں مختلف آپریشن ڈویژنوں کے میٹرریڈنگ، لائن سپروائزرز اور لائن سٹاف کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینئر بہاولپور سرکل ملک یعقوب گدارا ، لودھراں، دنیاپور اور کہروڑ پکا ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز ، ریونیو آفیسرز اور ایس ڈی اوز نے شرکت کی ۔ چیف انجینئر کسٹمرسروسز نے تینوں ڈویژنوں کے ایکسین کو ہدایت کی کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن پر مامور ٹیموں کی نگرانی کریں اور جرمانے عائد کرکے وصولیاں بھی کروائی جائیں ۔پولیس فورس کے ہمراہ آپریشن کرکے مقدمات کا اندراج کروایاجائے اور گرفتاریاں بھی لازمی کروائی جائیں ۔ ریکوری سٹاف کو بیچ وائز فہرستیں فراہم کی جائیں اور ماہانہ ، سہ ماہی ریکوری اہداف کا حصول ممکن بنایاجائے ۔