پنجگور میں پنجابی مزدوروں کا قتل قابل مذمت، مہر شاکر

پنجگور میں پنجابی مزدوروں کا قتل قابل مذمت، مہر شاکر

ملتان (لیڈی رپورٹر)تاجر رہنما اور انجمن تاجران ٹمبر مارکیٹ کے مرکزی صدر مہر محمد شاکر نے بلوچستان کے علاقے پنجگور میں شجاعباد کے رہائشی مزدوروں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔

 نہتے اور بے قصورمزدوروں کو قتل کرنا ملک دشمن افراد کی بزدلی ہے ۔جنوبی پنجاب کے محنت کشوں کے ساتھ مسلسل ایسا سلوک ناانصافی اور حکومتی نااہلی ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے محنت کش مزدور طبقہ اندرون بیرون ملک بچوں کی روزی روٹی کے لیے جاتے ہیں لیکن بلوچستان میں گزشتہ کئی ماہ سے جنوبی پنجاب کے مزدوروں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے انہیں قتل کیا جا رہا ہے وہ ناقابل برداشت ہے پنجاب حکومت اور جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی اس مسئلہ پر اسمبلی میں آواز اٹھائیں اور مزدوروں کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ بے قصور مزدوروں کو قتل کر کے ان کے بچوں کو یتیم کیا گیا اور اہل خانہ کے لیے معاشی مسائل پیدا ہو گئے ہیں ۔وزیر اعظم ،وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب اہل جنوبی پنجاب کے مزدوروں پر رحم کھائیں اور انہیں قتل عام سے بچائیں جبکہ شہید مزدوروں کے لواحقین کی مالی مدد کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں