تعلیمات نبوی ؐ پر عمل امت مسلمہ کا فرض، شبیر احمد عثمانی
بورے والا (سٹی رپورٹر )مرکزی علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر احمد عثمانی نے کہا ہے کہ حضور اکرم ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کو جنت کا نمونہ بنایا جاسکتا ہے ۔۔۔
آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل کرنا امت مسلمہ کی ذمہ داری اور اوّلین فریضہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر مرکزی علماء کونسل حافظ محمد ابوسفیان حنفی کی زیر نگرانی بلدیہ بوریوالا میں منعقدہ آٹھویں سالانہ عظیم الشان پیغام رحمت للعالمین ؐ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار سے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت پاکستان کے مرکزی رہنماء مولانا اللہ وسایا ، صدر اسلامک ایجوکیشن بورڈ پاکستان مولانا قاری محمد طیب حنفی ، سابق ایم این اے چودھری نذیر احمد آرائیں ، سابق ایم پی اے سردار خالد محمود ڈوگر ، محکمہ اوقاف حکومت پنجاب کے خطیب قاری سعید احمد عثمانی ، حافظ رانا عثمان قصوری و دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔ علامہ شبیر احمد عثمانی کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ کی تنزلی کا سبب رحمت للعالمین کی حقیقی تعلیمات سے دوری ہے ،اسرائیل عالم کفر کے ساتھ ملکر فلسطین و دیگر مسلم ممالک میں نہتے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن مسلم حکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے ،حکومت پاکستان اسرائیل کے مظالم کے خلاف ہر سطح پر بھرپور آواز اٹھائے ۔ سیمینار میں تحصیل بھر سے علماء کرام ، ڈاکٹرز ، وکلاء اور تاجروں سمیت معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔