گندم کی زیادہ کاشت کیلئے عملی اقدامات جاری، قراۃ العین میمن
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا ہے کہ حکومت اس سال گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے ۔
کھاد ، بیج اور زرعی ادویات کی فراہمی سمیت کسانوں کو مالی طور پر مستحکم کرنے کے لئے گرین ٹریکٹر اور کسان کارڈ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے گندم کی کاشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت اور محکمہ آبپاشی کو پابند بنایا جائے گا کو گندم کی کاشت کے وقت کسانوں کو وقت پر پانی فراہم کیا جائے تاکہ گندم کی فصل کی کاشت کے اہداف کو مکمل کیا جاسکے ۔انہوں نے محکمہ زاعت کے افسران کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کے ساتھ سیشن اور سیمینار کیے جائیں اور ان کو گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت پر راغب کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رواں سال میں گندم کی کاشت سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر کا مزیدکہناتھاکہ گندم پاکستان میں کاشت ہونے والی اہم غذا ئی فصلات میں سے ایک فصل ہے اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب الرحمٰن نے بتایا کہ امسال ضلع مظفرگڑھ اور ضلع کوٹ ادو میں 6 لاکھ 26 ہزار ایکٹر اراضی پر گندم کاشت کی جائے گی۔ ہر تحصیل کا ہدف مقرر کردیا گیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ مطلوبہ ہدف کے مطابق گندم کا بیج بھی دستیاب ہے ، کھاد بھی وافر مقدار میں موجود ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں کپاس کی فصل پرداشت کرلی گی ہے ان علاقوں میں یکم نومبر سے گندم کی کاشت شروع کردی جائے گی جو 15 دسمبر تک جارہی رہے گی۔