میپکو،نادہندگان سے 25کروڑ ،91لاکھ روپے ریکور
ملتان(خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو )ریجن میں نادہندگان کے خلاف جاری مہم میں 25کروڑ91لاکھ روپے سے زائد واجب الادا رقم وصول کرلی گئی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر جام گُل محمد زاہد کی زیرنگرانی رواں ماہ کے دوران جنوبی پنجاب میں نادہندگان کے خلاف 9 ہزار 475 ریکوری آپریشن کئے گئے ۔ صرف 12 روزمیں ریکوری مہم میں 25 کروڑ 91لاکھ 60ہزارروپے سے زائد واجبات /بقایایات وصول کئے گئے ۔رننگ اور مستقل نادہندگان میں گھریلو، کمرشل، صنعتی اور زرعی ٹیوب ویل شامل ہیں۔یکم تا12نومبر 2024ء کے دوران7644گھریلو رننگ اور مستقل نادہندگان سے 12 کروڑ 60 لاکھ30ہزار روپے ، 894تجارتی نادہندگان سے 2 کروڑ 53 لاکھ 40ہزار روپے ، 215 نادہندہ صنعتکاروں سے 2کروڑ59لاکھ 70ہزارروپے ،700نادہندہ کاشتکاروں سے 8کروڑ روپے اور دیگر کیٹگریز کے 22ڈیفالٹرز سے 9لاکھ20ہزار روپے سے زائدڈیفالٹ رقم وصول کی گئی ۔813 رننگ ڈیفالٹرز سے 2کروڑ78لاکھ روپے وصولیاں کی گئیں ۔ان میں 4سے 6 ماہ کی مدت والے 795 ڈیفالٹرز سے 2کروڑ 73 لاکھ 60ہزار روپے ، 6ماہ سے ایک سال کی مدت والے 16رننگ ڈیفالٹرز سے 3لاکھ روپے اور ایک تا تین سال کی مدت والے 2 نادہندگان سے ایک لاکھ 40ہزارروپے کی رقم وصول کرکے خزانے میں جمع کروائی گئی ۔3882مستقل نادہندگان سے 11 کروڑ 56 لاکھ30ہزارروپے وصول کئے گئے ۔