انسداد سموگ اقدامات،ٹاسک فورس متحرک،20افراد گرفتار،50پر مقدمات
ملتان(وقائع نگار خصوصی)ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سموگ کی روک تھام کیلئے کڑے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس سلسلے میں گزشتہ روز ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کوڑا کرکٹ جلانے والے 14افراد پر مقدمات درج کرادیئے۔۔۔
جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف بھی 3 روز میں 50 سے زائد مقدمات درج کرائے گئے ہیں جبکہ 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالزراق ڈوگر نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ضلع بھر میں صبح و شام چھڑکاؤ کا آغاز بھی کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مٹی و دھول کے خاتمے کیلئے خصوصی سکریپنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ کوڑا جلانے والوں کے خلاف خصوصی ٹاسک فورس بھی تشکیل دے دی گئی ہے ۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ شہریوں کو سموگ کے اثرات سے بچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر رکھی ہے ۔اس سلسلے میں گزشتہ 4 روز کے دوران بھٹوں اور آلودگی پیدا کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا جس کے باعث سموگ کی شدت میں واضح کمی نظر آئی ہے ۔وسیم حامد سندھو نے محکمہ زراعت کو الٹی میٹم دیا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رکھا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ انڈسٹریز کو بھی ہدایت کی کہ ماحولیاتی الودگی کا باعث بننے والے تمام صنعتی یونٹس کو فوری بند کر کے مقدمات درج کرائے جائیں۔دریں اثناڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے گزشتہ روز اچانک ممتاز آباد ٹاؤن ہسپتال کی انسپکشن کی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے ملاقات کی اور طبی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔