بشریٰ بی بی کا سعودی عرب بارے بیان ملک دشمنی ،امجد پرویز
چوک سرورشہید( نمائندہ دنیا)بشریٰ بی بی کا سعودی عرب سے متعلق بیان ملک دشمنی ہے ،سخت ایکشن لے کر تحقیقات کرانی چاہییں، کون سے ممالک اس سازش میں ملوث ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما اور ٹکٹ ہولڈر امجد پرویز چانڈیہ نے اپنے بیان میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر ملک کو دوبارہ بدحالی سے خوشحالی میں تبدیل کرنا شروع کردیا ہے اورملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ، ملکی معیشت تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے ، وہ دوست ممالک جو عمران خان کے دور حکومت میں ہم سے ناراض ہوگئے تھے ،دوبارہ پاکستان کی مدد کو تیار ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں ، ایک ہمارا برادر اسلامی ملک سعودی عرب ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیالیکن بشریٰ بی بی نے ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت بیہودہ بیان دے کر تعلقات کو بگاڑنے کی کوشش کی ،سعودی عرب میں روزگار کے لئے گئے 25لاکھ پاکستانیوں کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش کی اور انکا بیان ملک دشمنی اور پاکستان میں انتشار برپا کرنے کی سازش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس ملک دشمن بیان پر بشریٰ بی بی اور اسکے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔