خاتون کو بے ہوش کئے بغیر کامیاب برین سرجری
ملتان(لیڈی رپورٹر)ملتان کے نجی ہسپتال میں برین ٹیومر میں مبتلا تیس سالہ مریضہ کو مکمل بے ہوش کئے بغیر جدید برین سرجری کر دی گئی ۔
اس حوالے سے مریضہ کی مرضی سے ویڈیو کو بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے جبکہ ویڈیو کافی وائرل ہو رہی اس حوالے سے بتایا گیا ہے مظفر گڑھ کی رہائشی تیس سالہ مریضہ جس کو برین ٹیومر کا عارضہ لاحق تھا اسے نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں نیورو سرجن ڈاکٹر انیلہ دربار نے انیستھیزیا ٹیم جس میں سابق وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف کی سربراہی میں ڈاکٹر شہباز احمد اور دیگر شامل تھے ان کی مدد سے مریضہ کو بغیر مکمل بے ہوش کئے دماغ کی پیچیدہ سرجری کا فیصلہ کیا اور دو روز قبل نجی ہسپتال میں کامیاب سرجری کر دی ۔ سرجری کے دوران مریضہ باقاعدہ بات چیت کرتی رہی اور ہوش میں رہی جبکہ مریضہ کی مرضی سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کر دی گئی ہے جو کافی وائرل ہو رہی ہے ۔اس حوالے سے سرجری ٹیم کا حصہ کنسلٹنٹ نیورو سرجن ڈاکٹر خضر حیات نے بتایا کہ جاگتے ہوئے دماغ کی سرجری جسے’’اویک کرینیوٹومی‘‘بھی کہا جاتا ہے ، ایک خاص نیوروسرجیکل طریقہ کار ہے جو مریض کے ہوش میں ہونے کی حالت میں انجام دیا جاتا ہے ، تاکہ دماغ کے اہم افعال جیسے کہ بولنا ، اہم اعضا کی حرکت اور ادراک کو محفوظ رکھا جا سکے ۔ یہ طریقہ عام طور پر دماغی رسولیوں، مرگی، یا دماغ کے حساس حصوں کو متاثر کرنے والی بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔