تجاوزات کیخلاف آپریشن،متعدد علاقے کلیئر،سامان ضبط
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)اندرون شہر تجاوزات کیخلاف آپریشن،اسسٹنٹ کمشنر عرفان ہنجراہ کی سربراہی میں میونسپل کارپوریشن کے عملے نے شہر کے مختلف بازاروں اور سڑکوں کو کھلا کردیا،متعدد دکانداروں کے سامان ضبط کرلیا گیا۔تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر عرفان ہنجراہ نے میونسپل کارپویشن،انفورسمنٹ ٹیم اور پولیس نفری کے ہمراہ شہر کے مختلف بازاروں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا ۔
قنوان چوک،رشید حلوائی چوک،امام بارگاہ روڈ،میلاد چوک،کمیٹی چوک، بازار میں دکانداروں کے غیر قانونی شیڈ،تھڑے توڑ دیئے جبکہ مختلف مقامات سے سامان کو بھی ضبط کرلیا جس سے شہر بھر کے بازار کھلے ہوگئے ۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں تجاوزات سے ہونے والی مشکلات اور سکول کے طلبا و طالبات کو ہونے والی پریشانی کے سدباب کے لئے آپریشن کیا گیا۔تمام بازاروں میں دکانداروں کو وارننگ دینے کے ساتھ اعلانات کراکر بھی آگاہ کیا گیا تھا، شہریوں کے مسائل کے عملی سدباب کے لئے ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت کوشاں ہے ۔