دودھ بردار گاڑیوں،بیکریز کی چیکنگ،بھاری جرمانے

دودھ بردار گاڑیوں،بیکریز کی چیکنگ،بھاری جرمانے

ملتان (لیڈی رپورٹر)ملاوٹ شدہ دودھ کی روک تھام کیلئے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے علی الصبح کارروائیاں ، معصوم شاہ روڈ اور وہاڑی چوک پر ناکہ بندی کے دوران 31 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود تقریباً ساڑھے 7 ہزار لٹر دودھ کو چیک کیا گیا۔ 29 گاڑیوں کے سیمپل پاس جبکہ 2 کے فیل پائے گئے ۔

ٹیسٹ کے دوران دودھ میں فیٹ اور قدرتی غذائیت کم ہونے پر سینکڑوں لٹر دودھ تلف کیا گیا۔ملاوٹ ثابت ہونے پر 2 سپلائرز کو بھاری جرمانے بھی کئے گئے ۔ ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ زبیر احمد اعجاز کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے خانیوال میں لاہور موڑ، بلاک 8، فٹبال چوک، سر سید روڈ اور کبیروالا میں بھی کارروائیاں کیں۔ خوراک کی تیاری میں رینسڈ آئل، ایکسپائرڈ اجزاء کے استعمال پر معروف بیکری کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ کھانوں کی تیاری میں غیر معیاری مصالحوں، ناقص آئل کے استعمال پر 2 معروف ریسٹورنٹس کو 35 ہزار کے جرمانے کئے گئے ۔ فوڈ آئٹمز کی تیاری میں رنگ کاٹ کی ملاوٹ پر سویٹس اینڈ آئسکریم پوائنٹ کو 20 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا۔ اس کے علاوہ ایکسپائرڈ اشیاء کی فروخت پر چوک ٹاؤن ہال اور مین بازار مولا پور کبیروالا میں 2 کریانہ سٹور کو 27 ہزار کے جرمانے کئے گئے ۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ خوراک میں مضر صحت اجزاء کی ملاوٹ انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں