زکریا یونیورسٹی،زینب گرلز ہاسٹل میں’’زہرا گارڈن ‘‘کا افتتاح
ملتان(خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی کے زینب گرلز ہاسٹل میں گلشن زہرا گارڈن کا افتتاح کردیاگیا تفصیل کے مطابق زینب ہال میں گلشن زہرا گارڈن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال تھے ۔
انہوں نے گارڈن میں پودا لگایا وائس چانسلر نے اپنی تقریر میں گلشن زہرا گارڈن کے قیام کو یونیورسٹی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ اس منصوبے کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف خاص طور پر ایس ڈی جی 11 (پائیدار شہر اور کمیونٹیز) اور ایس ڈی جی 15 (زمین پر زندگی) کے ساتھ منسلک کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات طلبہ کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ کیمپس کی خوبصورتی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھی اہم ہیں وائس چانسلر نے زینب ہال میں مقیم غیر ملکی طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں اپنی تعلیم اور کیریئر میں بہترین کارکردگی کے لئے حوصلہ افزائی کی ۔اس موقع پر زینب ہال کی وارڈن پروفیسر ڈاکٹر سیدہ عذرا بتول اور سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رقیہ صفدر باجوہ بھی موجود تھیں انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گارڈن کے قیام کے دوران اشیاء کی ری سائیکلنگ پر خصوصی توجہ دی تاکہ یہ منصوبہ نہ صرف خوبصورت بلکہ ماحول دوست بھی ہو۔ انہوں نے کہا، یہ کامیابی صرف میرے خواب اور ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے ۔ڈاکٹر عذرا بتول نے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رقیہ صفدر باجوہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے منصوبے کے ہر مرحلے پر تعاون کیا اور مسائل کو حل کرنے میں بھرپور مدد کی۔