لینڈ مافیا کی ڈیرہ ٹیوب ویل اراضی پر قبضہ کی کوشش، فائرنگ
لودھراں (سٹی رپورٹر )لینڈ مافیا کی ڈیرہ ٹیوب ویل اراضی پر قبضہ کی کوشش، فائرنگ، پولیس نے گرفتار ملزم چھوڑ دئیے ، مقدمہ درج کرنے سے گریزاں۔
تفصیل کے مطابق موضع راجہ پور شرقی کے رہائشی محمد عادل نے اپنے بھائی محمد عارف اور رشتہ داروں مقبول احمد ،محمد ریاض ،اختر علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میں نے اپنے دیگر بھائیوں کے ہمراہ سید ام سلمٰی گردیزی سے اس کے خاوند سید محمد ارتضی گردیزی کے ذریعے 12کنال 1 مرلہ پر مشتمل ڈیرہ ٹیوب ویل خرید کرموقع پر قبضہ حاصل کیا ،ارتضیٰ گردیزی نے بیان حلفی اور سول کورٹ میں بیان بھی دیا ،میں نے ٹیوب ویل کو مرمت کرا کر چالو کیا اور ڈیرہ آباد کیا۔7 دسمبر کوالزام علیہان فیاض ،الطاف، جاوید، طارق، خالد ،سید علی اور 5/6 نامعلوم افراد نے ڈیرے پر دھاوا بول دیا اور ہوائی فائرنگ کی اور قبضہ کی کوشش کی ،ایمرجنسی نمبرپندرہ پر کال کی،پولیس کو آتا دیکھ کر ملزم فرار ہوگئے ، پولیس نے موقع پر 2 افراد کو گرفتار کیا اور گولیوں کے خول اور ڈیرہ کے ٹوٹے تالے برآمد کیے ، پولیس کو اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دی لیکن ابھی تک مقدمہ درج نہ ہوا کیونکہ الزام علیہ فیاض کا بھائی غلام عباس رہوجہ لودھراں بار کا ممبر ہے جو قبضہ گروپ کے سربراہ فیاض کی پشت پناہی کررہا ہے ، اس نے بار کے پلیٹ فارم کو غلط طور پر استعمال کرتے ہوئے وکلا کو غلط بریفنگ دی،پولیس تھانہ صدرنے بار کے دباؤ پرگرفتار ملزموں کو چھوڑ دیا،ملزموں کو فوری گرفتار اور مقدمہ درج کر کے انصاف دلایاجائے ۔