مظفر گڑھ تا ترنڈہ محمد پناہ جی ٹی روڈ کاتعمیراتی کام شروع نہ ہوسکا
مظفر گڑھ ،مونڈکا(سٹی رپورٹر ،نامہ نگار)مظفر گڑھ تا ترنڈہ محمد پناہ جی ٹی روڈالمعروفقاتل روڈ کی تعمیر کا کام شروع نہ ہوسکا، پنجاب بجٹ میں رکھے گئے ساڑھے اکتیس ارب روپے کہاں گئے۔
تباہ حال روڈ انسانی خون پی رہا ہے ،حادثات معمول بن چکے ہیں،شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔مجلس شہریان خان گڑھ کے صدر رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ،مسرور احمد خان ،ملک اجمل شہزاد ،غلام یاسین چوغطہ ،سید عامر شاہ ملک عاصم اعوان،سید کاظم شاہ،محمد طفیل،محمد عمیر اور ابو سفیان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ امسال جون کے بجٹ میں مظفر گڑھ تا ترنڈہ محمد پناہ جی ٹی روڈ المعروف قاتل روڈ جسے تعمیرہوئے ایک صدی گزر چکی ہے بری طرح سے تباہ ہو چکا ہے ، آئے روز حادثات سے لوگ اپاہج اور قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں،کسی کو کوئی پرواہ نہیں ہے ، جون کے بجٹ میں پنجاب حکومت نے مذکورہ روڈ کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے ساڑھے اکتیس ارب روپے مختص کر کے تعمیر کی نوید سنائی تھی جو ہنوز تشنہ تکمیل ہے ۔انہوں نے روڈ کی تعمیرفوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔