شہر کو تجاوزات سے چھٹکارہ نہ مل سکا ،انتظامہ بے بس
ملتان (کورٹ رپورٹر)شہر کو تجاوزات سے چھٹکارہ نہ مل سکا۔ضلعی انتظامیہ اپنی تمام تر طاقت کے باوجود تجاوزات مافیا کے سامنے بے بس ہے ۔
کئی سالوں سے شہر کا حسین آگاہی روڈ،پرانا شجاع آباد روڈ،کچہری روڑ،گلگشت ، بوسن روڈ،سورج میانی روڈ،ممتاز آباد سمیت شہر کے درجنوں علاقے تجاوزات مافیا کے قبضے میں ہیں ان علاقوں کی شاہراہوں پر دن کے اوقات میں تجاوزات کے باعث ٹریفک مکمل جام رہتی ہے جبکہ کچہری روڈ پر پیدل چلنا بھی محال ہوتا ہے ۔ریڑھی مافیا اور غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ مافیا نے شہر کی شاہراہوں پر آکٹوپس کی طرح پنجے گاڑھ رکھے ہیں شہر بھر کی مصروف شاہراہوں پر پانچ سو سے زائد غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز ہیں جبکہ روزانہ شاہراہوں پر ایک لاکھ سے زائد ریڑھیاں لگائی جاتی ہیں ۔تجاوزات مافیا کیخلاف گزشتہ ایک سال کے دوران سینکڑوں آپریشن ہوئے تاہم ضلعی انتظامیہ اپنے تمام تر وسائل کے باوجود تجاوزات مافیا کے آگے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہے ۔اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے چند گھنٹوں بعد ہی مافیا کو میونسپل کارپوریشن کے افسر سامان واپس کر دیتے ہیں تجاوزات کے خلاف آپریشن صرف فوٹو سیشنز تک محدود ہوتا ہے جبکہ تصویریں اور ویڈیوز بنوانے کے بعد اینٹی انکروچمنٹ ٹیم اور افسر اپنے دفاتر لوٹ جاتے ہیں۔سارا دن شہر کی شاہراہوں پر تجاوزات نافیا کا راج رہتا ہے جس سے ٹریفک کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔ڈپٹی کمشنر اور کمشنر آفس کے سامنے کچہری روڈ پر درجنوں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز ہیں جس کے باعث پورا روڈ دن کے اوقات میں مکمل بلاک رہتا ہے۔