میثاق سنٹر مظفرگڑ ھ میں کرسمس کی تقریب کا انعقاد
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)میثاق سنٹر مظفرگڑ ھ میں کرسمس کی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور مسیح برادری کو کرسمس کی مبارک باد پیش کی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن اور ڈی پی او سید حسنین حیدر نے مسیح برادری کے نمائندگان کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا کہ اسلام مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا درس دیتا ہے ۔ اسلام میں اقلیتوں کو مذہبی آزادی دی گئی ہے ۔ آئین پاکستان کے مطابق اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں،مسیح برادری محب الوطن پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیرو ترقی اور امن وامان کے قیام میں بڑی خدمات ہیں۔ ملک کی ترقی کے لئے اقلیتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ اس موقع پر ڈی پی او سید حسنین حیدر نے کہا کہ کرسمس مسیح برادری کااہم تہوار ہے ،مسیحی برادری اور ان کی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے ۔پولیس افسروںاور اہلکار مسیح برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا بھی مانگی گئی۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے ڈی پی او سید حسنین حیدر کے ہمراہ بہاری کالونی میں قائم کرکٹ گراؤنڈ پر جاری کام کا بھی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔