چوکی پر مشکوک کار روکنے پر ملزموں کی پولیس پر فائرنگ
سرائے سدھو(نامہ نگار)چیک پوسٹ پر مشکوک کار کو رکنے کے اشارے پر ملزموں کی پولیس پر فائرنگ،
گاڑی ٹکرا کر ایس ڈی پی او کبیروالا کی گاڑی کو تباہ کردیا،پولیس کی جوابی کارروائی پر ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، ملزموں کی گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد، مقدمہ درج۔ تفصیل کے مطابق پولیس تھانہ سرائے سدھو ایس ڈی پی او کبیروالا کے ہمراہ پل مانگانوالا پر رات کے وقت سنیپ چیکنگ کے لئے موجود تھے ،اسی دوران ایک کار کو روکنے کی کوشش کے دوران کار سوار چار ملزموں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی اور گاڑی بھگالی ۔اطلاع ملنے پر گشت پر معمور دیگر گاڑیوں نے مشکوک کار کو پل باگڑ پر گھیر لیا، ملزموں نے اپنی گاڑی کو ایس ڈی پی او کبیروالا کی گاڑی سے ٹکرادیا جس سے ان کی گاڑی تباہ ہوگئی ، ملزموں نے کار سے اتر کر پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی ، فائرنگ سے ایس ڈی پی او کی گاڑی کے ٹائر پھٹ گئے ،ایس ڈی پی او بال بال بچ گئے ،جوابی کارروائی پر ملزم دھند میں فرار ہوگئے ،ملزموں کی گاڑی کی تلاشی لینے پر تین رائفل،299 گولیاں ،متعدد خالی میگزین ،تین موبائل فون، پولیس کی کیپ، ریسکیو 1122 کی یونیفارم برآمد ہوئی۔ پولیس نے گاڑی قبضہ میں لے کر چار نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے ۔