شہر اولیاء میں شجرکاری،تزئین و آرائش کا آغاز
ملتان(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے شجرکاری اور۔
چوکوں کی اپ گریڈیشن کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر کی مثالی صفائی کر کے شاہراؤں بازاروں چوکوں اور رہائشی علاقوں کو دیدہ زیب بنایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روڈ ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مبشر الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ شہر اولیاء کی خوبصورتی اور اس کی صدیوں پرانی تاریخی حیثیت کو اجاگر کرنے کے لیے اندرون شہر سمیت تاریخی مقامات کو مکمل بحال کیا جائے گا اس سلسلے میں شاہراؤں اور چوکوں پر شجرکاری کر کے خوبصورت پودے بھی لگائے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ بیوٹیفیکیشن پلان کے تحت تمام وسائل استعمال کر کے شہریوں کو صاف اور خوبصورت ماحول فراہم کیا جائے ۔اس موقع پر اجلاس میں تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوامی ریلیف کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل ہے اس سلسلے میں عوام کے مسائل کی فوری شنوائی کیلئے ریونیو کورٹس کا باقاعدگی سے آغاز کردیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر نے آفس میں ریونیو کورٹ کے دوران مختلف کیسز کی شنوائی کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ویژن کے تحت عوام کے مسائل کے فوری حل کے لیے تمام ضلعی افسروں کو باقاعدگی سے کورٹ کر کے شکایات کا ازالہ کرنے کا ٹاسک دیا ہے ۔