نشتر ،لواحقین نے مردہ بچی ویرانے میں پھینک دی
ملتان(لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال ملتان کے لیبر روم میں پیدا ہونے والی مردہ بچی کو لواحقین نے نشتر ہسپتال کے ویرانے میں پھینک دیا ۔۔۔
دو روز بعد پولیس اہلکار کی نظر پڑنے پر مردہ بچی کی لاش کو پولیس کی موجودگی میں دوبارہ لواحقین کے حوالے کر دیا گیا تفصیل کے مطابق ملتان کی رہائشی خاتون صائمہ نے سات جنوری کی صبح نشتر ہسپتال کے لیبر روم میں مردہ بچی کو جنم دیا جس کو نشتر لیبر روم انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد تدفین کیلئے لواحقین کے حوالے کر دیا تاہم لواحقین نے مردہ بچی کی لاش کو نشتر ہسپتال کے کینسر سینٹر کے قریب ویران مقام پر پھینک دیا ادھر نو جنوری کی صبح کینسر سینٹر کے قریب سے گزرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار اور نشتر ہسپتال عملے کی نظر لاش پر پڑی جس کے بازو پر نشتر لیبر روم کے ٹیگ لگے ہوئے تھے جس پر فوری نومولود بچی کی لاش کو لیبر روم منتقل کیا گیا جہاں پولیس کو اطلاع دینے کے بعد ریکارڈ کے ذریعے جانچ کے بعد لواحقین کو بلوایا گیا بعدازاں مردہ نومولود بچی کا والد ناصر موقع پر پہنچا جہاں پولیس کی موجودگی میں نومولود بچی کی لاش دوبارہ والد کے حوالے کر دی گئی اس حوالے سے بتایا گیا ہے نومولود بچی کی لاش کو تدفین کی بجائے نشتر ہسپتال میں پھینکنے پر والد سمیت دیگر لواحقین کے خلاف پولیس کارروائی بھی زیر غور ہے ۔