کپاس کے بغیر معیشت کا تصور ناممکن،افتخار علی سہو
ملتان (وقائع نگار خصوصی)کپاس کے بغیر ملکی معیشت کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا۔ کپاس کی اگیتی اور موسمی کاشت کے لئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کپاس کی کاشت کے پلان کو حتمی شکل دینے بارے ایگریکلچر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے ترجیحاََ ٹرپل جین اقسام کاشت کرائی جائیں گی۔ کپاس کی کاشت کے لیے صرف سفارش کردہ اقسام کا منظور شدہ بیج استعمال کرایا جائے گا۔ خالی زمینوں پر کپاس کی اگیتی اقسام کی کاشت کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں اگیتی فصل سے زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے ۔ اگیتی کاشتہ کپاس پر پیداواری اخراجات بھی کم آتے ہیں اور اس پر کیڑوں اور بیماریوں کا حملہ بھی کم ہوتا ہے ۔ آلو اور کماد کی فصلوں سے خالی ہونے والی زمینوں پر کپاس کی کاشت بارے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔