واجبات کی عدم ادائیگی پربند کیا گیا شوگرملز کا سٹاک اوپن

مونڈکا (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر نے بوجہ عدم ادائیگی واجبات گنا شوگر مل کا سٹاک سیل کیا جو کھول دیا گیا ۔
انتظامیہ تاندلیانوالا رحمٰن حاجرہ شوگر ملز شاہ گڑھ ضلع مظفرگڑھ کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مظفرگڑھ نے ہفتہ کے روز فل ڈے ہڑتال کی اور عدالتی بائیکاٹ کیاجبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرگڑھ قمر سلطان نے چیف اکاؤنٹنٹ شوگر ملز چودھری یونس کو وکلاء،کسان رہنماؤں اور ملز کے درمیان واجبات کی ادائیگی کے معاملات کو حل کرنے کے لیے کل طلب کرلیا ۔تفصیل کے مطابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مظفرگڑھ سردار عبد القیوم خان دستی ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری بار فہیم اختر بھٹہ ایڈووکیٹ اور صوبائی کوآرڈینیٹر آل پاکستان کسان اتحاد پنجاب رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کے جوائنٹ اعلامیے کے مطابق متعدد بار تاندلیانوالہ رحمان ہاجرہ یونٹ شوگر ملز انتظامیہ مظفرگڑھ کو آگاہ کیا گیا کہ وکلاء اور ان کے فیملی ممبرز اور کاشتکاروں کی گنے کی رقم جلد ادا کی جائے لیکن ملز کاسی اوچودھری یونس مسلسل ٹال مٹول کررہا ہے جبکہ کمیشن پر بروکرز کو روزانہ ادائیگی کی جا رہی ہے ۔ صدر ڈسٹرکٹ بار عبد القیوم خان دستی ایڈووکیٹ اور صوبائی کوآرڈینیٹر آل پاکستان کسان اتحاد پنجاب رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے بتایا کہ با اثر شوگر ملز انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کی طرف سے سیل کردہ سٹاک کھلوا لیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ شوگر ملز کے سامنے بھیگی بلی بن کر رہ گئی ہے ، انہوں نے سیشن جج مظفرگڑھ کے اقدام کو سراہا ہے ۔