اغوا کے بعد خاتون کا قتل، لواحقین انصاف کیلئے در بدر

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)اغواکے بعد خاتون کا قتل، لواحقین انصاف کیلئے در بدر ہوگئے ۔تھانہ شاہجمال کے موضع دانڑیں کے مدعی مقدمہ محمد عامر سیال نے الزام عائد کیا ہے۔۔۔
کہ تھانہ شاہجمال پولیس اس کی والدہ مسماۃ نسیم بی بی کو اغوا کر کے قتل کرنے والے اشتہاری کو گرفتار کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے ۔محمد عامر سیال نے اپنے والد اللہ بچایا اپنی بہن اور بھابھی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی والدہ مسماۃ نسیم بی بی کو 28جون 2023کو ا غوا کیا گیا تو تھانہ شاہجمال میں مقدمہ درج کرایا گیا، دوسرے روز میری والدہ کی لاش گھر سے آدھا کلو میٹر کے فاصلے پر اینٹوں کی بھٹی سے ملی اور موقع پر آلہ قتل آہنی ٹوکہ بھی پڑا ہوا تھا۔ اطلاع پر مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور آلہ قتل کو قبضہ میں لیا،25جولائی 2023کو مقدمہ میں دفعہ 302کا اضافہ کرتے ہوئے ملزمان محمد واجد اور محمد عباس ولد عبدالغفار کو نامزد کیااور محمد عبا س کو گرفتار کر لیا جبکہ ملزم محمد واجد غائب ہو گیا ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعد ازاں مقامی پولیس نے مقامی سیاسی افراد کے دباؤ پر محمد عباس کو چھوڑ دیا اور مفرور ملزم محمد واجد کو اشتہاری قرار دے دیا گیا، تفتیشی افسر نے موقع واردات سے ملنے والے شناختی کارڈ کا ٹوکن اور دوسر ے تمام ثبوت بھی غائب کر دیئے جبکہ ملزم محمد عباس کو بھی ساز با زکر کے بیگناہ کر دیا ،مفرور ملزم واجد کی گرفتاری کیلئے بار بارتھانے جاتے رہے مگر ہماری شنوائی نہ ہوئی۔ ،الٹا جھوٹی کہانی بنا کر ملزم واجد کو اغوا کرنے کا مقدمہ بھی ہمارے خلاف درج کیا گیا جو جھوٹا ثابت ہونے پر خارج ہوگیا۔