ریونیو ریکوری کے مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کرنیکی ہدایت

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی کی زیر صدارت ریونیو ریکوری کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔۔
جس میں محکمہ مال کے افسروںاور متعلقہ عملے نے شرکت کی، ریونیو ریکوری کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ریکوری کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔اے ڈی سی ریونیو عوید ارشاد بھٹی نے افسروں کو ہدایت دی کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری محاصل کی بروقت وصولی سے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل فراہم کیے جا سکتے ہیں، اس لیے تمام افسراپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں۔ اس موقع پر انہوں نے زیر التواء کیسز کو فوری نمٹانے اور نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کے احکامات بھی جاری کیے ۔اجلاس میں ریونیو افسروں نے اپنے اپنے علاقوں کی ریکوری رپورٹ پیش کی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور ریونیو معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔