یوم پاکستان ہمارے لئے عید کی طرح اہمیت کا حامل،لبنیٰ نذیر

لودھراں ( سٹی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے کہا ہے کہ یومِ پاکستان منانے کا تقاضا ہے کہ ملک کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر پاکستانی اپنا مخلصانہ کردار ادا کرے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ سبز ہلالی پرچم تلے ایک متحد و مضبوط قوم بنیں گے ،23 مارچ یوم پاکستان کی اہمیت سے ہم سب بخوبی آگاہ ہیں،یوم پاکستان ہمارے لئے عید کی طرح اہمیت کا حامل ہے اور ہم سب اس دن کو پرجوش انداز سے مناتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں ضلع کونسل کے کانجو ہال میں یومِ پا کستان کی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی، سی ای او ایجوکیشن اسرار الحق سمیت معززین شہر، خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شرکت تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر اہلیان لودھراں کومبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بحیثیت علیحدہ مسلمان ریاست قائم ہونا یہ ہم سب کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہت بڑا احسان ہے ، ہم اپنے وطن کے پرچم کو سر بلند رکھنے کے لئے اپنا تن من دھن قربان کرنے سے کبھی گریز نہیں کریں گے ۔ اس موقع پر سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے دیگر افسروں کے ہمراہ رسمِ پرچم کشائی ادا کی ۔