رنگ پور، ڈاکٹرز غائب،ہیلتھ مرکز وارڈ سرونٹ کے حوالے
رنگ پور(نمائندہ دنیا )آرایچ سی رنگ پور میں ڈاکٹرز اور عملہ غائب ،ہسپتال کو وارڈ سرونٹ اور خاکروبوں کے حوالے کردیا گیا،۔۔
دیہی مرکزصحت رنگ پور میں تعینات میڈیکل آفیسرز اور دیگر عملہ نے اکثر غیرحاضررہنااور دیر سے آنا اور جلدی چلے جانا شروع کر رکھا ہے اور ہسپتال کو وارڈ سرونٹ اور خاکروبوں کے حوالے کررکھا ہے ۔گزشتہ دن دوپہر ایک بجے کے قریب شہری محسن سیال ایک شدید زخمی مزدور کو ایمرجنسی وارڈ میں لیکر آیا تو ایمرجنسی میں کوئی ڈاکٹر تھا نہ ہی ڈسپنسر بلکہ امانت نامی وارڈ سرونٹ نے آکر شدید زخمی مریض کا علاج اور پٹی کرنا شروع کردی ۔لواحقین کا کہنا تھا کہ وارڈ سرونٹ قصا ئیوں کی طرح زخمی کو ڈیل کررہا تھااور زخمی شدید درد سے کراہ رہا تھا، اس دوران زخمی کو لیکر آنے والے شہری محسن سیال نے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر بھی وا ئرل کردی۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وا ئرل ہونے پر شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اوردیہی مرکزصحت میں ڈاکٹرز و دیگر عملے کی غیرحاضری کوشدید تنقید کا نشانہ بنایااور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور محکمہ صحت کے افسروں سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ رابطہ پر ڈاکٹر احمد علی نے بتایا کہ وارڈ سرونٹ نے زخموں کو صاف کیا اور بعد میں میں خود پہنچ گیا تھا اور مریض کا ٹریٹمنٹ کیا۔