اوورسیز پاکستانیوں کا گاؤں کی ترقی کیلئے عملی اقدمات کا آغاز
میاں چنوں(تحصیل رپورٹر)نواحی گاؤں 110 پندرہ ایل میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں نے گاؤں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا۔۔۔
گاؤں کے اوورسیز چیئرمین مصطفی طور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے باہمی مشاورت اور تعاون سے گاؤں کی بہتری کا بیڑا اٹھایا ہے ، پہلے مرحلے میں قبرستان کی چار دیواری مکمل کرائی جارہی ہے ، قبرستان کا خوبصورت گیٹ نصب کر دیا گیا ہے ، ماحول کو سرسبز بنانے کے لئے قبرستان میں درخت لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے ، ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ صرف یہاں نہیں رکے گا بلکہ جلد ہی گاؤں میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کے لئے مختلف مقامات پر کوڑا دان رکھوائے جائیں گے تاکہ گاؤں کو صاف ستھرا اور صحت مند بنایا جاسکے ، تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، بچوں کو معیاری تعلیم اور گاؤں کے باسیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی گاؤں کے نوجوانوں کو بھی آگے لانے کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ آنے والی نسلیں ایک خوشحال اور روشن مستقبل حاصل کر سکیں، گاؤں کے عوام نے اوورسیز کمیونٹی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔