ضلعی انتظامیہ مکمل متحرک ، تمام محکمے ہائی الرٹ :ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن نے کہا ہے کہ جنگی حالات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ مکمل متحرک ہے اور۔۔
تمام محکمے ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ یہ بات انہوں نے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تھرمل پاور سٹیشن مظفرگڑھ میں پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کی مشترکہ مشقوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو عوید ارشاد، اے ڈی سی جی محمد یوسف چھینہ ، اے سی عرفان ہنجرا بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی شعور اجاگر کرنے اور ہنگامی تیاریوں کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں اور ہر محکمہ الرٹ ہے ۔ مشقوں میں محکمہ صحت اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔ مشقوں میں ابتدائی طبی امداد، انخلاء، فائر فائٹنگ اور سرچ اینڈ ریسکیو کی مشق شامل تھی، ایمرجنسی الارم، فائر ایکشن اور ریسکیو آپریشنز کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔