میپکو:نادہندہ محکموں سے 100 فیصد ریکوری کا حکم

ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف انجینئر کسٹمر سروسز میپکو سید جواد منصوراحمد نے ریجن بھر کے تمام سرکلوں کے ڈپٹی کمرشل منیجرز کو حکم دیا ہے۔۔
کہ نادہندہ سرکاری صوبائی اور وفاقی محکموں سے واجبات /بقایاجات اور رننگ بلز وصول کرنے کے لئے متعلقہ افسروں سے رابطہ کیاجائے اور مالی مفاہمت مکمل کرکے ریکوری ممکن بنائی جائے ۔مالی سال 2024-25ء کے اختتام تک تمام واجب الادا رقم وصول کرکے ریکوری کی شرح 100فیصد کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمرشل ڈائریکٹور یٹ میں افسروں سے ریکوری صورتحال پر گفتگو اور سرکلوں کے ڈپٹی کمرشل منیجرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے 9پریشن سرکلوں کے ڈپٹی کمرشل منیجرز سے رابطہ کیا اور انہیں مالی مفاہمت کے ذریعے تصفیہ شدہ بلنگ کی ادائیگی کروانے کا ٹاسک دیا ۔ تمام آپریشنل اور کمرشل افسر نادہندہ سرکاری اداروں کے سربراہان سے ملاقات کریں ۔ ڈائریکٹر کمرشل اسد حماد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ وفاقی و صوبائی سرکاری اداروں کے ساتھ مارچ 2025ء کے اختتام تک مالی مفاہمت کا عمل جاری ہے جس کے لیے تمام ڈپٹی کمرشل منیجرز کو فوری ادائیگیاں کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہیں تفصیل سے ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام واجبات اور مالی حساب کتاب کی مکمل جانچ پڑتال کر کے متعلقہ تفصیلات کو فوری طور پر مکمل کیا جائے ۔یہ عمل ہر صورت دو روز میں مکمل کیا جائے تاکہ بر وقت بلنگ اور ریکوری ممکن ہوسکے ۔ چیف انجینئر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مفاہمتی عمل میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی رشیداحمد بھی موجود تھے ۔