ہیٹ ویومیں قلت آب کی شکایات دور کی جائیں،خالد رضا

ملتان(وقائع نگار خصوصی)حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں واسا ملتان شہریوں کی خدمت کیلئے کوشاں ہے منیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان نے۔۔
حالیہ گرمی کی شدت کے پیش نظر فراہمی آب کے حوالے سے واٹر سپلائی ڈویژن کو خصوصی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور تمام ٹیوب ویلز کے اوقات کار کو ضرورت کے تحت ایڈجسٹ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ ہیٹ ویو کے دوران واٹر سپلائی کی کمی کی شکایت کا فوری ازالہ کیا جا سکے ۔انہوں نے واٹر سپلائی کے حوالے سے تمام شکایات کا جنگی بنیادوں پر ازالہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ احکامات گزشتہ روز فراہمی و نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف ٹیوب ویلز ،فلٹریشن پلانٹس اور ڈسپوزل سٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے جاری کئے ۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے واٹر سپلائی ڈویژن کے آفس کا دورہ کیا جہاں ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر سپلائی عمر ظفر گرمانی نے شہر بھر میں فراہمی آب کے حوالے سے بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ واسا کے زیر انتظام تمام ٹیوب ویل ،واٹر فلٹریشن پلانٹس آپریشنل ہیں قلعہ کہنہ قاسم باغ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ضرورت کے پیش نظر واٹر باؤزر کے ذریعے بھی فراہمی آب دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ایم ڈی واسا نے گلگشت کے علاقے میں واٹر ورکس اور فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا بعدازاں منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے سمیجہ آباد ڈسپوزل سٹیشن اور وہاڑی چوک ڈسپوزل سٹیشن کا دورہ کیا تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی مشینری کو مکمل فعال اور مؤثر حالت میں رکھنے تمام ڈسپوزل اسٹیشن پر سکرینوں کو صاف رکھنے کی ہدایات دیں ۔