زکریا یونیورسٹی:فیسوں میں ہو شربا اضافہ،داخلوں کی شرح میں کمی

زکریا یونیورسٹی:فیسوں میں ہو شربا اضافہ،داخلوں کی شرح میں کمی

ملتان (خصوصی رپورٹر)فیسوں میں ہوش ربا اضافہ،زکریا یونیورسٹی میں داخلوں میں کمی ،پہلی میرٹ لسٹ میں۔۔

 امیدواروں کی عدم دلچسپی ،غریب طلبہ کیلئے تعلیم جاری رکھنا مشکل ہوگیا، ٹرانسپورٹ کے بھی بڑھتے مسائل ، چیئرمین کمیٹی پروفیسر ڈاکٹرناظم حسین مستعفی ہوگئے ، ان کی جگہ ڈاکٹر فیاض احمدتعینات۔ تفصیل کے مطابق زکریایونیورسٹی میں بڑھتی ہوئی فیسوں نے غریب طلبہ پر تعلیم کے دروازے بند کر دیے ہیں، رواں برس یونیورسٹی نے قبل ازوقت داخلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا، درخواستیں جمع کرانے کے آخری تاریخ 30 جون مقرر کی گئی ،پہلی میرٹ لسٹ لگنے کے بعد یونیورسٹی کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب داخلہ لینے کی شرح بہت ہی کم رہی ۔ذرائع کا کہنا ہے مارننگ کلاسز کی فیس بھی30 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ ایوننگ کلاسز میں فیسوں کی شرح ناقابل بیان ہے جس پر امیدواروں نے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز اور اسلامک سٹڈی اینڈ لینگویجز کی پہلے سمسٹر کے فیس 32300، فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کے پہلے سمسٹر کی فیس 36ہزار،کامرس بزنس مینجمنٹ اور بینکنگ اینڈ فائننس کے پہلے سمسٹر کی فیس 32300 ، فیکلٹی آف سائنسز کے پہلے سیمسٹر کی فیس 32800 ، فیکلٹی آف لا ئکے پہلے سمسٹر کی فیس 32300 ،انجینئرنگ کی فیس36800 روپے ہے ، بی فارمیسی کی ایک سال کی 96800 روپے جبکہ دوسرے سال کی فیس 56 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ۔دریں اثنا ء ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے باعث کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ناظم حسین، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی نے استفعیٰ دے دیا جو وائس چانسلر نے منظور کرلیا اور ان کی جگہ ڈاکٹر فیاض احمدایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ ایگریکلچرل انجینئرنگ کوچیئرمین تعینا ت کردیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ شعبہ ٹرانسپورٹ میں مسائل بڑھنے کی وجہ سے بسوں کا چلانا مشکل ہوگیا ہے ،مرمت، روٹس سروس پالیسی کی تبدیلی اور ملازمین کے دباؤ کی وجہ سے چیئرمین کاکام کرنا مشکل ہوگیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں