ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو کاتحصیل ہسپتال کا دورہ ،انتظامات کا جائزہ
کوٹ ادو (نامہ نگار،تحصیل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور عباس بخاری نے تحصیل ہسپتال کوٹ ادو کا دورہ کیا اورہسپتال میں ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ اہم میٹنگ کی۔۔۔
اس موقع پر ایم ایس مہر کامران اکبر گٹ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حیدر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رضا مغل، کنسلٹنٹ ڈاکٹرز و دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے سسٹم کو بہتر بنانا ہوگا،کمپلینٹ سسٹم کو فعال اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے ،اگر کوئی ڈاکٹر کسی کمپنی کی مخصوص دوا تجویز کرتا ہے تو وہ خود اس کا ذمہ دار ہوگا اور اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،انہوں نے واضح کیا کہ تمام ڈاکٹرز اور عملہ وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں، اگر ڈیوٹی کا وقت صبح 8 سے دوپہر 2 بجے تک ہے تو کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جس ادارے نے ہمیں عزت دی ہے ، ہمیں بھی اس ادارے کی عزت کرنی چاہیے ۔ مریضوں کے ساتھ ایساسلوک کریں کہ وہ دعائیں دے کر جائیں،ہر مریض کو اپنا عزیز سمجھ کر چیک کیا جائے ،انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر کنسلٹنٹ ڈاکٹرز وارڈز میں مریضوں کو چیک کریں، چیک کیے گئے مریضوں کی فہرست تیار کر کے مریض کا نام، کیفیت اورموبائل نمبر بھی درج کریں، تاکہ ضرورت پڑنے پر خود مریض سے رابطہ کیا جا سکے ۔