فوڈ سیفٹی ٹیمیں متحرک ،بیکریوں،ریسٹورنٹس پر چھاپے
ملتان،ڈیرہ غازی خان، بہاولپور (لیڈی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر، سٹی رپورٹر)فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان اور وہاڑی میں کارروائیاں، سویٹس اینڈ بیکرز، ریسٹورنٹس، سوہن حلوہ یونٹس سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن۔۔۔
حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے ، 50 کلو غیر معیاری اشیاء تلف۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایت پر خوراک کی تیاری و ترسیل میں غفلت برتنے والوں کیخلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بہاولپور بائی پاس چوک پر ہوٹل کو کچن میں ایریا میں گندگی، کھلے مصالحہ جات اور گلی سڑی سبزیوں کی موجودگی پر 20 ہزار روپے ، 1 کلو میٹر بہاولپور بائی پاس پر فاسٹ فوڈ پوائنٹ کو ناقابل سراغ اجزاء کی موجودگی پر 20 ہزار، خوراک کی تیاری میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے پر سویٹس اینڈ بیکرز کو 35 ہزار روپے جبکہ فوارہ چوک پر سوہن حلوہ پوائنٹ کو خوراک کی تیاری میں غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ پر 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اسی طرح واپڈا آفس خانیوال روڈ پر ریسٹورنٹ کو خوراک کی تیاری میں کھلے مصالحہ جات اور غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ کرنے پر 40 ہزار روپے ، کشمیر چوک اور ماڈل ٹاؤن میں 2 ریسٹورنٹس کو کھانوں کی تیاری میں کھلے مصالحہ جات باسی اور گلی سڑی سبزیوں کے استعمال، زائدالمیعاد خوراک کی موجودگی پر 60 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ ڈی جی خان میں 3 سپر سٹورز کا معائنہ،39کلو ملاوٹی مرچیں،21کلو مختلف ایکسپائرڈ آئٹمز تلف،سٹورز مالکان کو1لاکھ 70ہزارروپے کے جرمانے عائد، کارروائیاں ملتان روڈ،جھنگ روڈ نزد الائیڈ بینک،علی پور روڈ مظفرگڑھ میں کی گئیں۔