چیف سیکرٹری کا دورہ ایریگیشن سیکرٹریٹ‘3افسروں کو نوٹس
ملتان (لیڈی رپورٹر،وقائع نگار خصوصی) ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے ایریگیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا اچانک معائنہ کیا اور ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے جانے پر تین افسران کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا۔
غیر حاضر افسروں میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن عروج الحسن، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل حسنین عباس مزمل، اور ڈپٹی سیکرٹری محسن نذیر شامل ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سپیشل سیکرٹری ایریگیشن جنوبی پنجاب کنور اعجاز خالق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی سے غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں عدم دلچسپی رکھنے والے افسروں کے لئے جنوبی پنجاب میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ ڈیوٹی سے غیر حاضر افسروں کے خلاف مکمل محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔فواد ہاشم ربانی نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام محکموں کے اچانک دورے جاری رکھے جائیں گے ۔علاوہ ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک کا شعبہ چولستان اور پاکستان کی معیشت کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے کو ترقی دیکر حلال گوشت کی برآمد کو بڑھانے پر فوکس ہے اسی لئے نئے بجٹ میں جنوبی پنجاب میں لائیو سٹاک کی ترقی کے 14 منصوبوں کے لئے 2 ارب 54 کروڑ روپے مختص کئے گنے ہیں۔یہ بات انہوں نے چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسسز بہاولپور کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔