فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،1300کلو فنگس زدہ اچار برآمد
ملتان (لیڈی رپورٹر)صحت دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فرید کوٹ جہانیاں بائی پاس پر اچار پروڈکشن یونٹ پر کارروائی، 1300 کلو گرام فنگس زدہ اور بدبودار اچار تلف، فوڈ بزنس مالکان کو 50 ہزار روپے جرمانہ ۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر صحت دشمن عناصر کیخلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے فرید کوٹ جہانیاں بائی پاس پر اچار پروڈکشن یونٹ پر کارروائی عمل میں لائی۔انسپکشن کے دوران بھاری مقدار میں بدبودار اور پھپھوندی زدہ اچار برآمد کیا گیا۔ غیر معیاری اچار ڈبوں میں پیک کرکے مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔سینکڑوں کلو گرام اچار موقع پر ضائع کر دیا گیا۔فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر مالک کو بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ صحت دشمن عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خوراک کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت کی صورت میں 1223 پر فوری مطلع کریں۔