حکومت نے مشکل ترین حالات میں ملک کو سنبھالا‘احمد یارہنجرا

حکومت نے مشکل ترین حالات میں ملک کو سنبھالا‘احمد یارہنجرا

کوٹ ادو (نامہ نگار، تحصیل رپورٹر)سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات و مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک احمد یار ہنجراء نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مشکل ترین حالات میں ملک کو سنبھالا۔۔۔

معیشت کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کیا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے عملی اقدامات کیے ۔احمد یار ہنجرا کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت دن رات عوامی فلاح کے لیے کوشاں ہیں، مریم نواز نے قلیل عرصہ میں پنجاب میں جو ترقیاتی منصوبے شروع کیے ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ، صحت وتعلیم، سڑکوں کی تعمیر، خواتین کیلئے روزگار اور نوجوانوں کیلئے پروگرامز جیسے اقدامات واضح ثبوت ہیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،عوام نے حکومت کی کارکردگی کو سراہنا شروع کر دیا ہے ،مہنگائی میں کمی آ رہی ہے ، پٹرول، بجلی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بہتری آنا حکومت کی سنجیدہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی انتشار پسند جماعت بن چکی ہے جس کا مقصد صرف اداروں کو کمزور ،عوام کو گمراہ اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے ۔انہوں نے نے ژوب میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے ،ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں