پارکوں کا انتظام بہتر کرنے کیلئے10دن کا الٹی میٹم

پارکوں کا انتظام بہتر کرنے کیلئے10دن کا الٹی میٹم

ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کا پارکوں کی ابتر صورتحال پر اظہار برہمی، انتظام بہتر کرنے کیلئے دس دن کی ڈیڈ لائن دیدی۔۔

،شہر کے داخلی وخارجی راستوں کی تزئین وآرائش کیلئے متعلقہ محکموں کوعملی اقدامات اٹھانے کا حکم ۔تفصیلات کیمطابق کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے حسن پروانہ پارک اور مدنی پارک کا دورہ کیا،صفائی اور دیگر انتظامات کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا ،مدنی پارک میں صفائی، واکنگ ٹریک، لان، اور خصوصی بچوں کے کارنر کی ناقص حالت پر موقع پر ہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر انچارج زون اور پارک انچارج کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ، آؤٹ سورس جھولے اور کینٹین میں پرائس لسٹ آویزاں نہ ہونے پر انہیں فوری طور پر سربمہر کردیا گیا،حسن پروانہ پارک کے بند فلٹریشن پلانٹ کو فوری فعال ، باؤنڈری گرل اور پول لائٹس کی فعالی سمیت مجموعی بہتری کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو دس دن کی ڈیڈ لائن جاری کی،شہریوں سے ملاقات بھی کی جنہوں نے پارکوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارکوں میں صفائی اور سہولتوں کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔دوسری طرف کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر رحمٰن کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کے احکامات دیے ، کمیٹی شہر کی داخلی خارجی شاہراہوں کے ترقیاتی کاموں کو مانیٹر کرے گی۔انہوں نے ایم ڈی اے کو انسداد تجاوزات آپریشن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ناگ شاہ فلائی اوور کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا اور دیواروں پر فن پارے بنائے جائیں ،این ایچ اے کو بھی اپنی کنٹرول سڑکوں کی تزئین و آرائش کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ،ایم ڈی اے کو قادرپوراں تا چوک کمہاراں روڈ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ 42 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کرنے کی ہدایت کی جس میں ناگ شاہ تا گیلانی فلائی اوور روڈ کی تزئین و آرائش بھی شامل ہوگی۔انہوں نے کہا10 کلومیٹر اولڈ شجاع آباد روڈ پر جدید سٹریٹ لائٹس نصب ، داخلی راستوں پر درخت اور پھول دار پودے لگائے جائیں ۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو داخلی راستوں کی خصوصی صفائی کا ٹاسک دیا جس میں کنٹینرز، ویسٹ ڈرمز اور سینٹری سٹاف کی تعیناتی شامل ہوگی۔واسا کو نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کے لیے بلاک گٹر لائنوں کی مکمل ڈی سلٹنگ کرانے کا حکم دیا ۔ کمشنر عامر کریم خاں نے قادرپورراں تا کمہارانوالہ اور شیر شاہ انٹرچینج تا گیلانی فلائی اوور تک لین مارکنگ، زیبرا کراسنگ اور ٹریفک سگنلز نصب کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں موجود تمام افسروں کو ہدایت دی گئی کہ تمام اقدامات بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں