کپاس کی فصل سے بارشی پانی کا انخلا کریں،محکمہ زراعت

کپاس کی فصل سے بارشی پانی کا انخلا کریں،محکمہ زراعت

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کے کاشتکار مون سون کی بارشوں کے دوران فصل کے تحفظ کیلئے ترجیحاً اقدامات کریں۔ مون سون کی زیادہ بارشیں کپاس کے پودے پر منفی طور پر اثر انداز ہوتی ہیں۔

جڑی بوٹیوں کی بھر مار ہوجاتی ہے اورضرر رساں کیڑوں کی تعداد بھی بہت تیزی سے بڑھتی ہے ۔ کاشتکار کپاس کے کھیتوں سے جڑی بوٹیوں کی بر وقت تلفی کو یقینی بنائیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ زیادہ بارشوں کی صورت میں اضافی پانی فوری طور پر کھیت سے نکال دیں کیونکہ اگر زیادہ دیر تک پانی کھیت میں کھڑار ہے تو جڑوں کو سانس لینے میں دقت ہوتی ہے اور 48گھنٹے بعد پودے مرجھانا شروع کر دیتے ہیں۔ اگیتی کاشت کی صورت میں فصل کو بارش کے زائد پانی کے نقصان سے بچانے کے لئے کپاس کے کھیت میں کھڑا پانی کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیں یا ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کر دیں۔24 گھنٹے سے زیادہ بارش کاپانی کھڑار ہے تو بڑھوتری رک جاتی ہے ۔ اس صورت میں کاشتکار 1 سے 2 فیصد یوریا کا محلول بنا کر محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی عملے کے مشورہ سے سپرے کر دیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں