چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کیلئے مانیٹرنگ سخت،بلا امتیاز کارروائی کا حکم
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے چینی کی قیمت میں استحکام اور۔۔
پرائس کنٹرول کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے چینی کے نرخوں کو متوازن رکھنا ناگزیر ہے ، جس کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں بشمول محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹ میں چینی کی دستیابی اور مناسب قیمت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے پرائس کنٹرول کیلئے نیا ادارہ بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ منظم انداز میں قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر اشیائے ضروریہ خصوصاً چینی کے نرخ چیک کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔