ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں تیز، 4145 ضبط
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔۔
جس میں مختلف محکموں کے افسران اور تاجروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 75 مائیکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے ۔ڈائریکٹر ماحولیات نے اجلاس کو بتایا کہ اب تک 4145 ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کیے جا چکے ہیں، 233 دکانداروں سے آئندہ استعمال نہ کرنے کے حلف نامے لیے گئے جبکہ خلاف ورزی پر 1 لاکھ 65 ہزار روپے کے جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی تیاری، ترسیل اور فروخت کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے تمام تاجروں پر زور دیا کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہوئے ماحول دوست متبادل بیگز کے استعمال کو فروغ دیں۔