گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت، صحت کیلئے خطرناک قرار
گگو منڈی (نامہ نگار) شہر میں گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت معمول بن گئی، جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ ڈسپوزل ٹیوب ویل کے قریب اور دیگر مقامات پر مضرِ صحت سبزیاں گندے پانی سے کاشت کی جا رہی ہیں۔۔۔
جنہیں صبح سویرے مقامی سبزی منڈی میں فروخت کر دیا جاتا ہے ۔شہریوں کے مطابق ان سبزیوں کے استعمال سے معدے کی بیماریوں، ہیپاٹائٹس اور دیگر موذی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے ۔متعدد بار شکایات کے باوجود محکمہ صحت اور اسسٹنٹ کمشنر بورے والا نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی، جس سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔محمد عباس، ظفر اقبال، محمد اشفاق، کاشف ندیم اور دیگر شہریوں نے کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندے پانی سے سبزیاں اگانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات کا سدباب کیا جائے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت ایکشن نہ لیا گیا تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔