افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا:اورنگزیب کھچی
میلسی (نامہ نگار) وفاقی وزیر ثقافت و قومی ورثہ محمد اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن بھارت کو ایسا جواب دیا جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
وہ مقامی میرج ہال میں انجمن آڑھتیان غلہ منڈی میلسی کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے ، اور جلد ہی عوام کو مثبت نتائج حاصل ہوں گے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاری ستھرا پنجاب سمیت دیگر پروگراموں سے عوام کو سہولتیں مل رہی ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ میلسی میں اربوں روپے کے فنڈز منظور ہو چکے ہیں اور ترقیاتی منصوبے جلد شروع کیے جائیں گے ۔غلہ منڈی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے غلہ منڈی کیلئے ساڑھے 12 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔تقریب میں ایم پی اے جہانزیب کھچی، ڈی ایس پی سعید احمد سیال، صدر شیراز کاظمی، حیدر خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں وفاقی وزیر نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔