کشمیری 6سال سے بدترین محاصرے میں ہیں،فواد رسول
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے زیر اہتمام بھارتی افواج کے ذریعے کشمیر کے چھ سالہ فوجی محاصرے کی مذمت کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز کے تحت پروفیسر ڈاکٹر محمد فواد رسول کی نگرانی میں کیا گیا، جو مہمان خصوصی بھی تھے ۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹرز سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر انیس الرحمٰن اور ڈاکٹر باسط ندیم سمیت طلبہ و طالبات، فیکلٹی ممبران اور مختلف سوسائٹیز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک، نعت، قومی ترانے اور ملی نغموں سے ہوا، بعد ازاں طلبہ نے کشمیر میں جاری انسانی بحران اور بھارتی مظالم پر تقاریر، شاعری اور تاثرات کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ڈاکٹر فواد رسول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام چھ سال سے بدترین فوجی محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں، بین الاقوامی برادری کو مظالم کا نوٹس لینا چاہئے ۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ کشمیر کاز سے متعلق عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔