خانیوال میں بھی کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی سیمینار‘احتجاجی ریلی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ضلع کونسل ہال خانیوال میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان کی زیر سرپرستی یوم استحصال کشمیر کے موقع پر سیمینار اور احتجاجی ریلی کا انعقاد۔۔۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مصطفی سیہڑ، اسسٹنٹ کمشنر روہت کمار گنیتا، سرکاری افسروں و ملازمین، سیاسی و سماجی رہنماؤں، امن کمیٹی کے ممبران، علمائے کرام، وکلاء، تاجر برادری اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی پرزور مذمت کرتے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔اے ڈی سی جی غلام مصطفیٰ سیہڑ نے کہا اس دن کو منانے کا مقصد دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ اور کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کرنا ہے ،کشمیر پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہے ۔دیگرمقررین نے کہا پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا۔