زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر،عاشق کرمانی
وزیرزراعت پنجاب کا چینی کمپنی پائی سیٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ
ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی قیادت میں محکمہ زراعت پنجاب کا اعلیٰ سطحی وفد چین کے دورے پر گیا، جہاں زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے پائی سیٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے ۔وفد میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محکمہ زراعت نوید عصمت کاہلوں، چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر حافظ عبدالرحمٰن، ترقی پسند کاشتکار حسن رضا اور دیگر اعلیٰ افسر شامل تھے ۔معاہدے پر محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو جبکہ پائی سیٹ کی جانب سے ضعیم شیکو نے دستخط کئے ۔ اس موقع پر وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ کسانوں کو بہتر رہنمائی اور زیادہ پیداوار کے مواقع میسر آئیں۔