گندم کی بہتر پیداوار کیلئے زرعی یونیورسٹی میں ورکشاپ

گندم کی بہتر پیداوار کیلئے زرعی یونیورسٹی میں ورکشاپ

محکمہ زراعت اور فاطمہ فرٹیلائزر کا اشتراک، کسانوں کو جدید رہنمائی فراہم

ملتان (خصوصی رپورٹر)ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کے جلالپور پیر والا فارم پر محکمہ زراعت اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے تعاون سے گندم کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد کسانوں کو جدید زرعی تکنیکوں اور موسمی حالات کے مطابق بہتر کاشت کے طریقوں سے آگاہ کرنا تھا، خصوصاً سیلاب متاثرہ علاقوں کے لئے پلان جاری کرناتھا۔ڈاکٹر عبدالغفار، چیئرمین ایگروونومی ڈیپارٹمنٹ، نے گندم کی اہمیت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے بیجائی، کھاد کے درست استعمال اور آبپاشی کے انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی۔ فاطمہ فرٹیلائزر کے نمائندہ شاہد آصف نے پیداوار میں اضافے کے طریقوں پر رہنمائی دی جبکہ راشد علی نے کمپنی کی مصنوعات اور خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔محمد اسفندیار نے زمین اور پانی کی حالت کے مطابق کھاد کے متوازن استعمال پر زور دیا۔ ڈاکٹر خرم مبین نے جڑی بوٹیوں کے تدارک، صاف بیج کے استعمال اور غیر کیمیائی طریقوں کی اہمیت اجاگر کی۔ عالمگیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع، نے کسانوں کو سرکاری سکیموں جیسے کسان کارڈ، ٹریکٹر اور بیج پر سبسڈی سے متعلق معلومات فراہم کیں۔پروفیسر ڈاکٹر ناصر ندیم نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ گندم کی پیداواری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں