صنعتی و شہری تحفظ کیلئے سول ڈیفنس کا کردار کلیدی :میاں بختاور

صنعتی و شہری تحفظ کیلئے سول ڈیفنس کا کردار کلیدی :میاں بختاور

ایوان صنعت میں آگاہی سیشن، فائر سیفٹی اقدامات ،غیر قانونی پٹرول پمپس پر تشویش

ملتان(لیڈی رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا ہے کہ سول ڈیفنس کا کردار صنعتی و شہری تحفظ کے لئے نہایت اہمیت رکھتا ہے ۔ صنعتی شعبے کی ترقی اور عوامی سلامتی یقینی بنانے کے لئے سول ڈیفنس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے یہ بات ایوان کے عہدیداروں اور ارکان سے ایک آگاہی سیشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر خواجہ سہیل طفیل، احتشام الحق، عقیل قریشی، محمد اکرام، ڈاکٹر شاہد، سیکرٹری جنرل محمد شفیق اور دیگر بھی شریک تھے ۔میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا کہ فیکٹریوں میں آتشزدگی کے زیادہ تر واقعات ناقص وائرنگ، حفاظتی نظام کی عدم موجودگی اور فائر سیفٹی میں غفلت کے باعث ہوتے ہیں۔ سول ڈیفنس کے عملے کی بروقت کارروائی قیمتی جان و مال کو بچانے میں مؤثر کردار ادا کرتی ہے ۔انہوں نے غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی ری فلنگ سٹیشنز کو شہری آبادی کے لئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مراکز پر نہ حفاظتی انتظامات ہیں اور نہ تربیت یافتہ عملہ، اس کے باوجود ان کا چلنا باعثِ تشویش ہے ۔انہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ چالان یا کارروائی کے انتظار کے بجائے خود حفاظتی آلات نصب کریں، عملے کو تربیت دیں اور جدید فائر سیفٹی سسٹمز اپنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں