جونیئر سائیکاٹرسٹ کی رہنمائی انتہائی ناگزیر،شفیق احمد

جونیئر سائیکاٹرسٹ کی رہنمائی انتہائی ناگزیر،شفیق احمد

ماہرین نفسیات کی کمی کے سبب مریض جنرل پریکٹیشنز کے پاس چلے جاتے

ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈی جی خان میں پاکستان سائیکیٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ذہنی صحت اور اینگزائٹی کنٹرول کے موضوع پر اہم سیمینار منعقد کیا گیا جس کی صدارت معروف ماہر نفسیات پروفیسر ڈاکٹر شفیق احمد نے کی۔ پروگرام میں شہر کے جنرل پریکٹیشنرز، فیملی فزیشنز اور ماہرین نفسیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پروفیسر شفیق احمد نے خطاب کرتے ہوئے ملک میں ذہنی صحت کی موجودہ صورتحال، بڑھتی ہوئی بے چینی، ڈپریشن اور دیگر نفسیاتی امراض کے اسباب و اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ماہرین نفسیات کی کمی کے باعث بیشتر مریض براہِ راست جنرل پریکٹیشنرز کے پاس پہنچتے ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ ابتدائی سطح پر معالجین کو ذہنی امراض کی تشخیص اور رہنمائی سے متعلق تربیت فراہم کی جائے تاکہ مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج مل سکے ۔شرکاء نے ڈاکٹر شفیق احمد کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی روزمرہ میڈیکل پریکٹس میں ان ہدایات پر عمل کریں گے تاکہ معاشرے میں ذہنی صحت کے فروغ میں کردار ادا کیا جا سکے ۔ شرکاء نے پاکستان سائیکیٹری ایسوسی ایشن کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے تربیتی و آگاہی سیمینارز کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں