محفوظ معاشرے کیلئے سول ڈیفنس کا اہم کردار، ڈاکٹر ثمینہ
ویمن یونیورسٹی منصوبہ کے تحت طالبات میں نظم وضبط کو فروغ دے رہی
ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں سول ڈیفنس سوسائٹیز کی آن لائن رجسٹریشن سے متعلق آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق \\\"یوتھ سیفٹی اینڈ سول ایمپاورمنٹ پروگرام\\\" کے تحت محکمہ سول ڈیفنس پنجاب کے تعاون سے یہ بامقصد اور معلوماتی تقریب منعقد ہوئی جس کا مقصد طلبہ و طالبات میں عوامی تحفظ، ہنگامی حالات میں تیاری اور شہری ذمہ داری کے شعور کو فروغ دینا تھا۔سیشن کی مہمان خصوصی رجسٹرار ڈاکٹر ثمینہ اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور محفوظ معاشرہ تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ ویمن یونیورسٹی اور سول ڈیفنس کا یہ مشترکہ منصوبہ طالبات میں نظم و ضبط، تیاری اور ذمہ داری کے کلچر کو فروغ دے گا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس (ریجن ملتان) نوشابہ مہیوش نے کہا کہ سلامتی صرف اداروں کی نہیں بلکہ ہر شہری کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ویمن یونیورسٹی میں جلد سول ڈیفنس سٹوڈنٹ سوسائٹی قائم کی جائے گی تاکہ طالبات رضاکارانہ سرگرمیوں اور آفات سے نمٹنے میں فعال کردار ادا کرسکیں۔نوشابہ مہیوش نے سول ڈیفنس رجسٹریشن موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائی اور اس کے استعمال کا طریقہ بھی سمجھایا۔