ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر تین بھٹے سیل، مالکان کو جرمانہ
اسسٹنٹ ڈائریکٹر قراۃ العین کا بوریوالا میں مختلف بھٹوں کا معائنہ ،وارننگ جاری
وہاڑی(نمائندہ خصوصی)انسدادِ سموگ کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ وہاڑی متحرک ہو گئی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ادارہ تحفظِ ماحول قراۃ العین نے بوریوالا کے مختلف بھٹہ جات کا معائنہ کیا، انہوں نے زِگ زیگ ٹیکنالوجی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 3 بھٹے سیل کر دیے جبکہ بھٹہ مالکان پر مجموعی طور پر 3 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ اس موقع پر بھٹہ مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ زِگ زیگ ٹیکنالوجی کے تقاضوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں بصورتِ دیگر مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر قراۃ العین نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی سموگ میں اضافے کا باعث بنتی ہے ، اس لیے عوامی صحت اور ماحول کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹہ جات کی باقاعدہ انسپکشن جاری رہے گی اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔