شہر پر تجاوزات مافیا قابض،ٹریفک جام معمول

شہر پر تجاوزات مافیا قابض،ٹریفک جام معمول

دکانداروں نے فٹ پاتھ پر پختہ وعارضی دکانیں قائم کررکھی ہیں ،دائرہ بستی، بی بی پاکدامن کے علاقوں میں صورتحال انتہائی ابتر، راہگیروں کا گزرنا بھی محال ہوگیا اہم شاہراہوں پرریڑھی والوں کا قبضہ،جابجا شوارمہ شاپس قائم،پیرافورس قائم کرنے کے مقاصد پورے نہ ہوسکے ، شہری سراپا احتجاج،آپریشن کلین اپ کا مطالبہ کردیا

ملتان (لیڈی رپورٹر )ملتان شہر میں گلی گلی، سڑک سڑک تجاوزات کا پھیلاؤ شہریوں کے لئے شدید مشکلات کا باعث بن چکا ہے ۔ مافیا کی جانب سے عوامی راستوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کے بعد اب دائرہ بستی نزد ٹمبر مارکیٹ، دربار بی بی پاک دامن کو بھی نہ چھوڑا گیا ہے ، جہاں چند فٹ چوڑی گلیوں پر تندور، شوارما فروشوں سمیت متعدد دکانداروں نے پختہ اور عارضی تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق دائرہ بستی کی تنگ گلیاں تجاوزات کے باعث مزید سکڑ گئی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے بلکہ مقامی رہائشیوں خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کو روزمرہ آمد و رفت میں شدید دقت کا سامنا ہے ۔ ٹمبر مارکیٹ اور دربار بی بی پاک دامن کے اطراف سے گزرنے والی گلیاں آئے روز بند رہتی ہیں، جبکہ فٹ پاتھ اور راستے کاروباری سرگرمیوں کی نذر ہو چکے ہیں۔

سماجی و عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ شہر کے بڑے بازاروں میں پیر افورس کی جانب سے جاری کارروائیاں قابلِ تعریف ہیں، مگر دائرہ بستی جیسے تنگ اور گنجان علاقوں میں تجاوزات کے خلاف عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کیا جائے اور دائرہ بستی سمیت قریبی علاقوں میں فوری آپریشن کلین اپ شروع کیا جائے تاکہ گلیاں کھل سکیں اور شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔مکینوں نے پیرا فورس،مقامی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور ضلعی حکام سے اپیل کی ہے کہ تجاوزات مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ، مستقل بنیادوں پر نگرانی کے نظام کو بہتر بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں